Connect with us

Subscribe

Travel

شہر قائد (کراچی) کے 12 قابل دید مقامات

روشنیوں کا شہر ، شہروں کی دلہن اور شہر قائد کے نام سے مشہور اس شہر کراچی میں بے شمار تفریحی مقامات ، شاپنگ مالز اور ساحل سمندر سیاحوں کا دل بہلانے کے لیے اپنی پوری رنگینیوں کے ساتھ موجود ہیں ۔ اگر آپ کراچی جانے کا ارادہ رکھتے ہیں اور اپنے اس سفر کو یادگار بنانا چاہتے ہیں تو مندرجہ ذیل 12 مقامات آپ کی لسٹ میں ضرور شامل ہونے چاہئیں۔

مزار قائد

  کراچی کے وسط میں اپنی پوری شان و شوکت سے موجود یہ عمارت بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کی آخری آرام گاہ ہونے کے ساتھ ساتھ لیاقت علی خان اور فاطمہ جناح بھی یہاں دفن ہیں ۔ 1960ء میں بنائے گئے اس مزار کو سفید سنگ مرمر سے مزین کیا گیا ہے اور ایک فانوس بھی نصب ہے جو اس کی خوبصورتی میں اضافہ کرتا ہے۔ اس کے علاوہ مزار کے ساتھ ایک سرسبز باغ بھی بنایا گیا ہے ۔ملک کی قومی یادگار کا درجہ رکھنے والے اس مزار پر 14 اگست ، 23 مارچ ، 25 دسمبر ، 11 ستمبر ، 8 جولائی اور 30 جولائی پر خصوصی تقریبات بھی منعقد کی جاتی ہیں۔ رات کے وقت یہ مزار روشنیوں میں نہا کے مزید دلکش نظر آتا ہے۔

پورٹ گرینڈ

جدید و قدیم طرز تعمیر کی حامل یہ منفرد جگہ کراچی کے ساحل سمندر  کو مزید دلکش بناتی ہے ۔ پورٹ گرینڈ جناح فلائی اوور‘ ایم ٹی خان روڈ کراچی پر واقع ہے۔ ایک طرف ٹھاٹھیں مارتا سمندر ،ٹھنڈی ہوا اور دوسری طرف پورٹ گرینڈ کی رنگینیاں ، ہرابھرا ماحول، انواع و اقسام کے کھانوں کی مہک ، شاپنگ سنٹر ، پلے ایریا اور خاص طور پر ڈوبتے سورج کا منظر پورے ماحول کو مزید چار چاند لگاتا ہے ۔

برنس روڈ

اس روڈ کا نام برطانوی ڈاکٹر جیمز برنس کے نام پر رکھا گیا اور یہ روڈ کراچی شہر کے تقریبا وسط میں صدر کے علاقے میں واقع ہے۔ کراچی کی سب سے پرانی فوڑ اسٹریٹ ہونے کا اعزاز رکھنے والی یہ روڈ ہر طرف لذیذ کھانوں اور روایتی کھانوں کی مہک بکھیرتی نظر آتی ہے ۔ کراچی کے روایتی پکوان کھانے کے شوقین افراد کے لئے یہ جگہ بہترین انتخاب ہے۔اس قدیم اچھوتی طرز تعمیر کو پاکستان بننے کے بعد محمد بن قاسم روڈ کا نام دے دیا گیا لیکن عوام میں یہ برنس روڈ کے نام سے ہی مقبول ہے۔

(جزیرہ چرنا (چرنا آئی لینڈ

کراچی کے ساحل سے تقریبا آدھے گھنٹے کے فاصلے پر مبارک گوٹھ ، کیماڑی ٹاؤن میں واقع یہ جزیرہ قدرت کے شاہکاروں میں سے ایک ہے ۔ صاف شفاف پانی کے اندر رنگارنگ تیرتی انواع و اقسام کی مچھلیاں ایک خوبصورت نظارہ پیش کرتی نظر آتی ہیں ۔ سکوبا ڈائیونگ اور سنارکلنگ کے شوقین افراد کو اس جزیرہ کا رخ لازما کرنا چاہیئے۔ پاک بحریہ کی طرف سے یہ جزیرہ فائرنگ رینج کے طور پر بھی استعمال کیا جاتا ہے۔

طارق روڈ

طارق روڈ کراچی، شاہراہ قائدین اور شہید ملت روڈ کو باہم ملاتی ،شہر کی مصروف ترین اور مشہور ترین شاہراؤں میں سے ایک ہے – یہ روڈ کراچی کا ایک بڑا تجارتی مرکز ہے جہاں ہر وقت خریداروں کا ہجوم نظر آتا ہے ۔ بڑے بڑے شاپنگ سنٹرز اور دیگر ضروریات زندگی کی اشیاء کے لئے ایک بڑی تعداد میں لوگ ادھر کا رخ کرتے ہیں ۔

سینڈزسپٹ ساحل کراچی

اگر پررونق شہر کراچی کے گہما گہمی اور مصروف زندگی سے دور ،ایک انتہائی خوبصورت اور پرسکون جگہ کا انتخاب کرنا ہو تو سینڈزپٹ ساحل کو ضرور اپنی لسٹ میں شامل رکھیں ۔تیراکی کرنے کا ارادہ ہو یا ڈوبتے سورج کا نظارہ کرنا ہو ، یہ ساحل قدرتی شاہکار اپنے اندر سمیٹے ہوئے ہے۔ بچے اور بڑے سب گھڑ سواری اور اونٹ کی سواری کا بھی مزہ لے سکتے ہیں۔

دو دریا فوڈ اسٹریٹ

روشنیوں کے شہر کراچی کی پر رونق زندگی کو مزید خوشگوار بناتی یہ فوڈ اسٹریٹ سمندر کے کنارے اپنی ڈھیروں رنگینیاں اور کھانوں کی مزیدار خوشبو بکھیرتی نظر آتی ہے۔ سیاح دل کو للچاتے کھانوں اور سمندر کے دلفریب نظاروں کا مزہ ایک ساتھ لے سکتے ہیں ۔میراج ریسٹورانٹ ، کولاچی ریسٹورانٹ ، نورانی ریسٹورنٹ اور اس کے علاوہ اور بھی ریسٹورانٹس سمندر کے کنارے بنائے گئے ہیں ۔ خاص طور پر شام کے وقت ٹھنڈی ہوائیں ، گرما گرم کھانوں کی مہک اور سمندر کی لہریں ایک ایسا پرفسوں ماحول بناتی ہیں جو انسان کبھی بھول نہیں سکتا۔

پیراڈائز پوائنٹ

ساحل سمندر کی سیر کے شوقین افراد کے لئے ایک اور خوبصورت جگہ پیراڈائز پوائنٹ بحیرہ عرب کے ساحل پر واقع ہے۔یہاں فیملیز اور سیاحوں کے لئے گھڑ سواری ، اونٹ کی سواری ،تیراکی ، امیوزمنٹ پارکس اور ریسٹورانٹس کا بھی انتظام کیا گیا ہے۔ گہرے سمندر کی کبھی خاموش تو کبھی شور مچاتی لہریں ، ٹھنڈی اور روح کو تروتازہ کرنے والی ہوائیں سیاحوں کو اپنے حصار میں جکڑ لیتی ہیں ۔

پاکستان ایئر فورس میوزیم

پاکستان ایئر فورس سے محبت رکھنے والوں کے لیے یہ جگہ ایک تحفے سے کم نہیں ۔ پاک فضائیہ کے زیر استعمال ہوائی جہاز اور دیگر چیزیں کو خوبصورتی سے محفوظ کیا گیا ہے ۔ اس کے علاوہ قائد اعظم کے زیر استعمال اشیاء ، ایک ہندوستانی ایئر کرافٹ اور مختلف تھیمز پر مشتمل گیلریز بنائی گئی ہیں۔ کراچی کی مشہور شاہراہ فیصل پر واقع یہ میوزیم سیاحوں کو پاکستان ایئرفورس کے تابناک ماضی اور مستقبل کی ایک جھلک دکھاتا ہے ۔

سفاری پارک کراچی

قدرتی حسن سے مالامال یہ پارک یونیورسٹی روڈ پر گلستان جوہر کے قریب واقع ہے ۔ ہرے بھرے اس پارک میں نہ صرف فیملیز کے لئے پرسکون ماحول فراہم کیا گیا ہے بلکہ ساتھ ساتھ چڑیا گھر ، قدرتی جھیل اور حال ہی میں کھولا گیا کشمیر پوائنٹ بھی شامل ہے ،جہاں آبشار ، جھیل اور بچوں اور بڑوں کی ہردلعزیز بوٹنگ کا بھی انتظام بہت احسن انداز میں کیا گیا ہے ۔ پارک کو مزید دلچسپ بنانے کے لئے چیئر لفٹ اور امیوزمنٹ پارک کی سہولت بھی موجود ہے۔

موہٹا پیلس

قیام پاکستان سے قبل 1927ء میں ساحل کے قریب کلفٹن کراچی کے علاقے میں یہ محل دراصل ایک ہندو نے اپنے اہل خانہ کے لئے تعمیر کروایا تھا ۔ اس قدیم عمارت کو قیام پاکستان کے بعد محترمہ فاطمہ جناح کو دے دیا گیا اور ان کی وفات کے بعد یہ حکومت سندھ کے قبضے میں آئی اور پھر اس کو ثقافتہ ورثہ گردانتے ہوئے عجائب گھر بنا دیا گیا ۔ اس عجائب گھر میں دھات اور پتھر کے بنے مجسمے بھی نمائش کے لئے رکھے گئے ہیں اور ساتھ ہی ساتھ مختلف آرٹ کی نمائشوں کا بھی انعقاد کیا جاتا ہے ۔ یہ محل دو منازل پر مشتمل ہے جس کو مینار ، محراب ،گنبد ، گل بوٹے اور پرندوں کی اشکال وغیرہ کی مدد سے مزین کیا گیا ہے۔

ڈولمن مال کلفٹن

کراچی جائیں تو قدرتی و قدیم حسن کے ساتھ ساتھ نئے زمانے کی رنگینیاں  بھی نظر آئیں گی ۔ انہی میں سے ایک بلند و بالا عمارت ڈولمن مال کی ہے اور یہ نہ صرف کراچی بلکہ پاکستان کے سب سے بڑے مالز میں سے ایک ہے جو کے 2004 میں مرین ڈرائیو بلاک 4 میں تعمیر کیا گیا ۔ شاپنگ ، سیر و تفریح ،کھیل کود ، کھانا پینا ، فلم دیکھنا ، غرض ہر قسم کی سہولیات سے مزین یہ مال انتہائی پرسکون ماحول اور سیکیورٹی کا بھی ایک اچھا انتطام فراہم کرتا ہے۔

Subscribe to Infotainment box updates

Comments
Advertisement

Top 10 Marvelous facts about Pakistan

Culture Heritage of Pakistan

Pakistan’s Handicrafts: Immensely Beautiful and eye-catching

Culture Heritage of Pakistan

Pakistan’s Top Ten Traditional Foods

Culture Heritage of Pakistan

ملتان کے 10 قابل دید مقامات

Travel

Advertisement
Connect
Subscribe to Infotainment box updates